کوئٹہ:صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے معصوم مزدوروں پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ محنت کشوں پر نہیں، بلکہ انسانیت پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔اپنے مذمتی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بزدلانہ حملوں میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا تاکہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں اور عام شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔