|

وقتِ اشاعت :   15 hours پہلے

پاکستان میں کرپشن انڈیکس رپورٹ میں تنزلی کی نشان دہی کی جاتی رہی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں کرپشن اوربدعنوانی نے معاشی نظام کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے ۔
کرپشن اوپر سے لیکر نچلی سطح تک موجود ہے جبکہ اداروں کے اندر بھی مبینہ کرپشن کے بڑے اسکینڈل سامنے آتے ہیں جس کی بڑی وجہ ملک میں نظام انصاف، کرپشن اور بدعنوانی کی سماج میں بڑھتی نفسیات ہے جو ملکی معاشی صورتحال کے باعث پیدا ہوئی ہے۔
گزشتہ تمام ادوار کی حکومتوں کی گورننس اور کارکردگی پر نظر دوڑائی جائے تو کرپشن اور بدعنوانی کے اسکینڈلز میں سیاستدانوں اور اداروں کے نام سر فہرست آتے ہیں۔
ہمارے یہاں عالمی یوم انسداد بدعنوانی ہر سال منایا جاتا ہے جس میں کرپشن جیسے ناسور کے نقصانات اور سماجی رویوں پر پڑنے والے اثرات کو اجاگر کیا جاتا ہے مگر بدعنوانی کی شرح میں ہمارے کوئی خاطر خواہ کمی نہیں آئی کیونکہ موثر نظام، شفافیت اورانصاف کے بغیر اس کا خاتمہ ممکن نہیں۔
موجودہ حکومت کی جانب سے بدعنوانی سے نمٹنے کیلئے اب ایک مؤثر حکمت عملی بنائی گئی ہے تاکہ بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ جمعے کے روز اسلام آباد میں ’مقدمات کی تفویض اور انتظامی نظام‘ کے اجرا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیا نظام شفافیت، بروقت اور فوری انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا، بدعنوان عناصر سے ایک ایک پائی وصول کرکے عوامی فلاح پر خرچ کریں گے۔ ایسا نظام متعارف کرایا ہے جس سے بدعنوانی کی نذر ہونے والا پیسہ دوبارہ خزانہ میں آئے گا، کھربوں روپے کے مقدمات ٹریبونلز، ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں زیر التواء ہیں۔
، اس اہم نظام کے اجراء کیلئے تعاون کرنے پر کینیڈا اور یو این او ڈی سی کے ممنون ہیں، فوری اور تیزی سے انصاف کی فراہمی کیلئے یہ نظام ضروری تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جو مقدمات کو نمٹانے میں معاون ثابت ہو گا۔ جدید ٹیکنالوجی نہ ہونے اور بدعنوانی کی وجہ سے کھربوں روپے خزانے میں جمع ہونے کی بجائے عشروں سے تاخیر کا شکار تھے۔ بہرحال یہ ایک اچھی پیشرفت ہے جو بدعنوانی کے خاتمے میں مدد دے گی مگر نظام پر کسی کو اثر اندازہونے سے روکنا ضروری ہے اور حکومت کے اندر سب سے پہلے بدعنوانی کو روکنا اہم ہے کیونکہ کرپشن کے بڑے اسکینڈلز جو سامنے آئے ہیں
بدقسمتی سے حکومتوں کی سرپرستی میں یہ کام ہوئے ہیں جن کے کیسز آج بھی عدالتوں میں چل رہے ہیں جبکہ چند کیسز کے فیصلے آئے بھی ہیں ۔امید ہے کہ پاکستان بدعنوانی کی فہرست میں دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتری لائے گی جس کے گورننس اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *