|

وقتِ اشاعت :   22 hours پہلے

اسلام آباد:ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ میں مقیم اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں۔

تھائی لینڈ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی نیک نامی کے لیے بہترین کردار ادا کریں اور مقامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ایمانداری سے کاروبار کریں تاکہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیںڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، خاص طور پر تھائی لینڈ میں آباد کمیونٹی، نہ صرف پاکستان کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بہتر بنانے میں بھی پیش پیش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘‘ہر پاکستانی، جہاں بھی مقیم ہو، وہ پاکستان کا سفیر ہوتا ہے اور اس کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے رویے اور عمل سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اوورسیز شہری ملک کی ترقی میں اہم شراکت دار ہیں، اور ان کی محنت، ایمانداری اور کاروباری سرگرمیاں پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہیں،ہمیں چاہیے کہ ہم جس ملک میں رہیں، وہاں کے قوانین کی مکمل پاسداری کریں، ایمانداری اور دیانتداری کو اپنی پہچان بنائیں اور اس طرح پاکستان کا نام بلند کریں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے تھائی لینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر رخسانہ افضال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی بہترین انداز میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رخسانہ افضال سفارتی سطح پر پاکستان کی بہترین نمائندگی کر رہی ہیں، اور ان کی قیادت میں پاکستانی سفارتخانہ نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کی معاونت میں سرگرم ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بھی کوشاں ہے۔سینیٹر سیدال خان ناصر نے تھائی لینڈ میں تعینات پاکستانی قونصلر تنویر احمد کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ دن رات محنت کر کے پاکستانی شہریوں کی معاونت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارتخانے کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے پاکستانی کمیونٹی کو سہولت مل رہی ہے اور وہ اپنے قانونی و کاروباری معاملات احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے ملک کے وقار کو مزید بلند کرنے کے لیے تھائی لینڈ میں اپنی عملی زندگی میں مثبت رویہ اپنائیں، مقامی قوانین کا احترام کریں اور آپس میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی پہچان ایک محنتی، دیانتدار اور قانون پسند قوم کے طور پر کرائیں تاکہ جہاں بھی ہم جائیں، لوگ ہمیں عزت کی نگاہ سے دیکھیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان سفارتی، تجارتی اور عوامی سطح پر تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے کی کاوشیں اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے اس موقع پر تھائی لینڈ میں موجود پاکستانیوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا ہو تو وہ سفارتخانے سے فوری طور پر رابطہ کریں، جہاں ان کی مکمل رہنمائی کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *