|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ اور بلوچستان کے پاک افغان سرحدی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔صوبائی دار الحکومت کوئٹہ کے علاوہ پاک افغان سرحدی شہر چمن ، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور مستونگ کے علاقوں میں دوپہر بارہ بجے ایک منٹ کے دوران زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کئے گئے۔ چمن سے ملحقہ افغانستان کے جنوبی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ لوگ خوف و ہراس کے باعث گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے جبکہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو فوری چھٹی دیدی گئی۔ تاہم زلزلے سے کسی جانی نقسان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز پاک افغان سرحدی شہر چمن سے جنوب مغرب میں بیس کلو میٹر دور تھا جس کی شدت پانچ عشاریہ تین اور گہرائی دس کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔