|

وقتِ اشاعت :   10 hours پہلے

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما ، صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو بلوچستان و صدر آصف علی زرداری کے ترجمان میر علی حسن زہری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں،انجن ڈرائیور اور مسافروں کی شہادت اور معصوم اور بے گناہ مسافروں کو یرغمال بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ، وحشیانہ اور ناقابلِ معافی دہشت گردی کا عمل قرار دیا۔

 

انہوں نے کہا کہ معصوم مسافروں اور ریلوے عملے کو یرغمال بنانے کا یہ گھناؤنا فعل نہ صرف ریاستی عمل داری پر حملہ ہے بلکہ پورے بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی ایک مذموم سازش ہے۔اپنے مذمتی بیان میں وزیر زراعت نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو یرغمال بنانا ایک سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث غیر ملکی آقائوں کے ٹکڑوںپر پلنے والے دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ یہ عناصرذہنی پسماندہ لوگوں کے کچے ذہنوں کو چند سکوںکے لالچ اورورغلاء کر استعمال کر رہے ہیں اور اپنے آقائوں کے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں مگر حکومت اور عوام ایسے گھناؤنے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی صورت ایسے عناصر کو کھلی چھوٹ نہیں دیں گے اور ان دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کر رہے ہیں اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیںجا رہے ہیں۔انہوں نے یرغمال بنائے گئے شہریوں اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام خوفزدہ ہونے والے نہیں، ہم سب متحد ہو کر ان دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو بگاڑنے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔ ہم ہر قیمت پر اپنے عوام کا تحفظ یقینی بنائیں گے اور کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ یا دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چند ناعاقبت اندیش عناصر بیرون ملک بیٹھ کر اپنے غیر ملکی آقائوں کی ایماء پر بلوچستان میں بے گناہوں کا خون بہا رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ لوگ کسی بھی طرح اپنی قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتے ۔

 

ایسے لوگوں کا ٹھکانہ صرف اور صرف جہنم ہے ۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات کا مقصد سیاسی و معاشی استحکام کی جانب پاکستان بالخصوص بلوچستان کو کمزور کرنا اور عدم استحکام کی جانب دھکیلنا ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ عزم و ہمت سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے اور جلد ان بزدل دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں دہشت گردوں کو انتباہ کیا کہ معصوم لوگوں کو رہا کر دیا جائے ۔بزدل دشمن اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے پختہ عزم کو ڈگمگا نہیں سکتے ۔ شہداء کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے واقعات میں شہید ہونے والے بہادر اہلکاروں اور انجن ڈرائیور کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔میر علی حسن زہری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرخرو ہو گی

اور اس ناسور کے خاتمے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے اور بلوچستان حکومت اس معاملے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرے گی۔یہ حملہ صرف چند معصوم شہریوں پر نہیں بلکہ پورے بلوچستان اور پاکستان کے امن و استحکام پر حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *