|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2016

ننکانہ : ننکانہ میں متروکہ وقف املاک کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مشتعل افراد نے محکمہ اوقاف کے دفتر کو آگ لگا دی ، مظاہرین کے پتھراؤ سے چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ۔ محکمہ اوقاف کی طرف سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن آج صبح گاؤں کوٹ سنت رام بائی پاس سے شروع ہوا جس پر لوگ اکھٹے ہو گئے اور لوگوں نے محکمہ اوقاف کے خلاف شدید احتجاج کرنا شروع کر دیا ، اس دوران مشتعل افراد نے پولیس اور محکمہ اوقاف کے اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا ، جواب میں پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا ۔ احتجاج کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہونے پر پولیس اور اوقاف کے ملازمین نے آپریشن معطل کر دیا ، مشتعل افراد کے پتھراؤ سے چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے اور 6 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے ۔ مشتعل افراد نے محکمہ اوقاف کے دفتر کو آگ لگا دی ، آگ کے باعث دفتر کا ریکارڈ اور فرنیچر جل گیا ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جب ہم نے تعمیرات بنائی تھی تو اسوقت ہمیں کسی نے نہیں روکا اور اب ہم نے لاکھوں روپے لگا کر اپنی تمام جمع پونجی خرچ کر کے تعمیرات کی ہیں ۔