|

وقتِ اشاعت :   5 days پہلے

تربت:کوہ مراد میں زگری فرقے کا سالانہ روحانی اجتماع، لاکھوں زائرین کی شرکت۔ 27 رمضان المبارک کی شب خصوصی عبادات، دعائیہ محفلیں اور چوگان کی روح پرور محفلوں کا انعقاد کیا جائے گا، بلوچستان اور سندھ بھر سے زائرین کی آمدرمضان المبارک کی 27 ویں رات میں کوہ مراد میں زگری فرقے کے لاکھوں عقیدت مندوں کا سالانہ روحانی اجتماع منعقد ہوگا۔

اس شب خصوصی دعائیہ تقریب اور چوگان کی محفلوں میں بلوچستان اور سندھ کے دور دراز علاقوں سے آئے مرد، خواتین اور بچے بھرپور شرکت کریں گے۔ زگری فرقے کے ماننے والوں کے لیے کوہ مراد ایک مقدس مقام کی حیثیت رکھتا ہے جہاں وہ ہر سال رمضان کے آخری ایام میں روحانی فیض حاصل کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ اس موقع پر خصوصی عبادات، ذکر و اذکار، اجتماعی دعاؤں اور چوگان کی محفلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ آج شب ہونے والی خصوصی دعا و مناجات کی اجتماع میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہزاروں قافلوں کی آمد ہوئی ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے زائرین پیدل، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے ذریعے کوہ مراد پہنچے ہیں۔ رمضان کی 27 ویں شب کو روح پرور محفلوں میں لاکھوں افراد شریک ہونگے جو پوری رات خصوصی دعا، تلاوتِ قرآن، ذکر اور چوگان میں حصہ لیں گے۔کوہ مراد پر خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ عبادت گاہیں اور محفلوں کا انتظام کیا جائے گا۔ اجتماع کے دوران زائرین اللہ تعالیٰ کے حضور دعا مانگ کر اپنی مشکلات کے حل، گناہوں کی معافی اور روحانی سکون کے لیے التجائیں کریں گے۔اجتماع کے منتظمین کے مطابق اس سال بھی لاکھوں زائرین نے شرکت کی ہے اور عبادت کے بعد 27 رمضان المبارک کے دن زائرین اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہو گئے۔زگری فرقے کے رہنماو?ں کا کہنا ہے کہ یہ اجتماع صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ اخوت، محبت اور روحانی اتحاد کا مظہر ہے۔

کوہ مراد پر ہونے والی یہ محفل خطے کے روحانی ورثے کا حصہ ہے جس میں ہر سال زائرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔اس سالانہ خصوصی اجتماع کے دوران مقامی رضا کاروں اور فرقے کے بزرگوں کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام و دیگر سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے گا۔زکری فرقہ سے وابستہ پیروکاروں کے مطابق کوہ مراد پر زگری فرقے کا یہ سالانہ اجتماع بلوچستان کی روحانی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے جہاں لاکھوں عقیدت مند عبادت کے لیے حاضر ہوتے ہیں اور اللہ کے حضور اپنی عاجزی اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ 27 رمضان المبارک کی خصوصی محفل میں بلوچستان اور بلوچوں کی سیاسی و معاشی خوش حالی، سماجی آزادی، لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمہ کے لیے مناجات اور دعا کی جاتی ہے، یہ خصوصی چوگان کی محفل صبح تک دعاؤں کے ساتھ جاری رہتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *