|

وقتِ اشاعت :   4 days پہلے

گوادریونیورسٹی کی آٹھویں اکیڈمک کونسل اجلاس 15 اپریل 2025 کو پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کے سی پیک اسٹڈی سینٹر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی، جبکہ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، ڈاکٹر امجد حسین نمائندہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان، آفتاب نعمت نمائندہ ہائیر ایجوکیشن حکومت بلوچستان ، ڈین فیکلٹی اف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئیرنگ ڈاکٹر محب اللّٰہ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، رجسٹرار دولت خان، سینئر فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران شریک ہوئے۔


اجلاس میں جامعہ کے تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور اسے قومی اعلیٰ تعلیمی معیار سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق اہم تعلیمی اُمور پر غور و حوض کیا گیا اور متعد فیصلے کیے گئے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر صابر نے افتتاحی خطاب میں یونیورسٹی کی تعلیمی ترقی اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں جامعہ کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے فیکلٹی، انتظامیہ، چانسلر آفس، ایچ ای سی اور حکومت بلوچستان کے تعاون کو سراہا۔


اجلاس میں 7ویں اکیڈمک کونسل اجلاس (بمورخہ 8 نومبر 2024) کی کارروائی اور فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کی توثیق کی گئی۔ اس کے علاوہ، تعلیمی شعبہ کی تیسری بورڈ آف اسٹڈیز میٹنگ کی کارروائی، مینجمنٹ سائنسز کے لیے ریلیونس اسسمنٹ کمیٹی کی رپورٹ، اور بی بی اے چار سالہ پروگرام کے کورس کوڈز کی شمولیت کی منظوری دی گئی تاکہ نصاب میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔ مزید برآں، ایچ ای سی نیشنل فیس ریفنڈ پالیسی 2024 اور گریجویٹ پالیسی (جی پی ای) 2023 کو منظور کیا گیا تاکہ جامعہ کے انتظامی امور قومی تعلیمی ۔ یونیورسٹی کے اکیڈمک کیلنڈر 2025 کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ بی ایس زولوجی بشمول فشریز کے نئے نصاب پالیسی کی منظوری دی گئی، جو گوادر کے ساحلی ماحولیاتی نظام پر مرکوز ہے۔


اجلاس میں نئے گریجویٹ پروگرامز بشمول ای کامرس کی منظوری کے ساتھ تحقیقی مواقع میں وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا، خاص طور پر ان شعبوں میں جو گوادر کی معاشی و صنعتی ترقی سے مطابقت رکھتے ہیں۔ اجلاس میں فیکلٹی ڈیولپمنٹ اور طلبہ معاونت خدمات کو بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا تاکہ ایک مضبوط اور شمولیتی تعلیمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔


اختتامی کلمات میں، وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اکیڈمک کونسل کے تمام اراکین کی قیمتی تجاویز پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ منظور شدہ اقدامات نہ صرف جامعہ کی تعلیمی ساکھ کو مستحکم کریں گے بلکہ اس کے سماجی اثرات کو بھی بڑھائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *