|

وقتِ اشاعت :   7 hours پہلے

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انسداد پولیو مہم کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں یو سی موبی کلی تیری میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز فورس پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیو ٹیم پر حملےکے بعد ضلع میں پولیو مہم غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جب پولیو مہم پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔ حملے میں لیویز اہلکار نیک محمد موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ دوسرا اہلکار مقصود احمد شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

بلوچستان حکومت نے مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ”ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔“

ترجمان نے کہا کہ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنا رہی ہے اور صوبہ بھر میں پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔

 

واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور سیکیورٹی اداروں نے حملے کو پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے کی سنگین کوشش قرار دیا ہے۔ شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت اور اعلیٰ حکام نے مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *