مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر معمور لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی ترجمان حکومت بلوچستان، شاہد رند نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
واقعے میں دو لیویز اہلکاروں کی شہادت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جنہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ “پولیو مہم کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور صوبہ بھر میں پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات بہتر کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پولیو کے خلاف جاری مہم ہر حال میں جاری رہے گی، اور معصوم بچوں کو مہلک بیماری سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
Leave a Reply