کوئٹہ: مشتاق رئیسانی کرپشن کیس میں خالد لانگو پیر کو بھی نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ نیب نے سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کو مشتاق رئیسانی کرپشن میں نیب کے دفتر طلب کیا تھا۔ اس سلسلے میں انہیں جمعرات اور جمعہ کو پیش ہونے کے سمن جاری کئے گئے تھے تاہم وہ دونوں مرتبہ پیش نہیں ہوئے۔ جمعہ کو میڈیا سے ٹیلیفون پر گفتگو میں میر خالد لانگو نے کہا تھا کہ وہ وہ پیر کو نیب کے سامنے پیش ہونگے لیکن پیش نہیں ہوئے۔ نیب حکام کہتے ہیں کہ خالد لانگو کو طلب کرنے کیلئے گھر کے پتے پر ایک اور سمن بجھوایا جائے گا۔ اگر وہ پھر بھی پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء سابق چیئرمین پبلک سروس کمیشن اشرف مگسی احتساب عدالت میں پیش کردیئے گئے۔ اختیارات کے ناجائز استعمال اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے اپنی دو بیٹیوں اور بیٹے سمیت کئی نا اہل افراد کو غیر قانونی طریقے سے بھرتی کرانے کے الزام میں اشرف مگسی کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا تھا۔ سماعت کے دوران ملزم اشرف مگسی کے وکیل نے کیس کی دستاویزات کی حوالگی کی استدعا کی۔ عدالتی احکامات پر نیب کے وکلاء کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے شواہد اور دستاویزات اشرف مگسی کے وکیل کو فراہم کردیئے گئے۔ کیس کی سماعت پانچ جون تک ملتوی کردی گئی۔