|

وقتِ اشاعت :   10 hours پہلے

اسلام آباد/کو ئٹہ:وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے زیر اہتمام چینی زرعی آلات اور اوزار کی تقسیم کی تقریب نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (NARC) اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صدر مملکت جناب آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے چینی سفیر جناب جیانگ ڑیادونگ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

 

چاروں صوبوں کے وزرائے زراعت اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ چینی سفیر نے شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور سی پیک کے تحت زرعی ترقی میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ میر علی حسن زہری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت اور عوام کی پاکستان کے لئے محبت ناقابل بیان ہے ۔انہوں نے پاکستانی عوام بالخصوصی بلوچستان کے عوام کی جانب سے چینی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے اس موقع پرکہا کہ صوبہ بلوچستان کو مہیا کردہ جدید طرز کے زرعی اوزار و آلات کی فراہمی پر وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین و چائنیز سفیر جیانگ ڑیادونگ کا بھی اس پروقار موقع منعقد کرنے پرصوبہ بلوچستان کی عوام طرف سے اظہار تشکر پیش کرتا ہوں اور قوی امید ہے کہ آج کی تقریب زرعی انقلاب کی جانب ایک سنگ میل کا کردار ادا کرے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ انشاللہ مستقبل میں بھی صوبہ بلوچستان کی ترقی کے لئے صدر مملکت کی کاوشوں اور ہدایات کی روشنی میں بلوچستان کی زرعی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپورتوانائی کے ساتھ اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور وہ دن دور نہیں جب بلوچستان بھی زراعت کے شعبے میں دوسرے صوبوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ زراعت کا شعبہ معیشت میں سب سے اہم اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ملکی معیشت میں 24 فیصد کا حصہ ہے جبکہ بلوچستان کے حوالے سے زراعت کے شعبے میں حصہ کم ہے لیکن بہتر حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ذریعے اس شعبے میں انقلاب لاکر صوبے کی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت کے شعبے کے فروغ اور بلوچستان کو زرعی شعبے میں آگے لانے کے لئے اہم اور دیرپا منصوبوں پر عمل کیا جائے گاجس کے لئے تیاریاں جاری ہیں ۔ آج کی تقریب زرعی انقلاب کی جانب ایک اہم قدم کی حیثیت رکھتی ہے ۔ زرعی آلات کی فراہمی سے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں زرعی شعبے میں بہتری آئے گی ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے بہتر رہنمائی سے ہی زمیندار اور چھوٹے کسان دلجمعی اور یکسوئی سے اپنے کھیت آباد کر سکیںگے ۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ زراعت کے شعبے میںجدید اور انقلابی اصلاحات ہی سے زراعت کے شعبے کو بڑھاوا دیا جاسکتا ہے اور اس سلسلے میں بہتر تجاویز کا ہم خیر مقدم کریں گے ۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے زراعت سے وابستہ ہر شعبہ میں موثر اور جدید اصلاحات کی جائیں گی تاکہ ملکی معیشت میں اس شعبے کے کردار کو بہتر کیا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *