|

وقتِ اشاعت :   10 hours پہلے

کوئٹہ: بلوچستان میں ڈیجیٹل میڈیا کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے صوبے کے صف اول کے پرنٹ و آن لائن اداروں نے مل کر “بلوچستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم” کے قیام کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ کوئٹہ میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں بڑے اداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر عبوری کابینہ تشکیل دی گئی جس میں کوئٹہ وائس کے سید علی شاہ (صدر)، ڈیلی انتخاب نیوز کے بالاچ ساجدی (سینئر نائب صدر)، ڈیلی قدرت نیوز کے ظفراللہ اچکزئی (نائب صدر)، اور ڈیلی آزادی نیوز کے صادق بلوچ (جنرل سیکرٹری) منتخب ہوئے۔ فورم کے قیام کا بنیادی مقصد صوبے میں ڈیجیٹل میڈیا کو درپیش پابندیوں اور حکومتی عدم توجہی جیسے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ آواز بلند کرنا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حکومت بلوچستان نے رواں مالی سال کے دوران ڈیجیٹل میڈیا کے لیے مختص بجٹ کو اب تک استعمال میں نہیں لایا، جس کے لیپس ہونے کا خطرہ ہے۔ فورم نے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی اور ترجمان شاہد رند سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ڈیجیٹل میڈیا پبلسٹی مہم کا آغاز کریں۔ اسی طرح وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ میں بلوچستان کو نظرانداز کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ بلوچستان کے لیے خصوصی اشتہاری کرائیٹیریا بنایا جائے، کیونکہ موجودہ قواعد بلوچستان کی کم آبادی کی وجہ سے قابل عمل نہیں۔ فورم کی عبوری کابینہ کو آئندہ اجلاس سے قبل آئین و منشور تیار کرنے اور مسائل کے حل کے لیے حکومتی سطح پر رابطے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *