کوئٹہ :بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے بھارتی جارحیت کے منہ تھوڑ جواب ” آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ جنگیں کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں لیکن دشمن ملک بھارت جب جارحیت پر اتر آیا تو ہمارے لئے ضروری تھا کہ ہم اپنی بقاء، سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کا آنچ نہ آنے دیں اور دشمن کو اس کی زبان میں سمجھاتے ہوئے باور کرایا جائے کہ پاکستان کسی بھی مس ایڈوینچر کا فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ افواج پاکستان نے جس دیدہ دلیری اور بہترین حکمت عملی سے دشمن فوج پر وار کیا آج ہم پوری دنیا کے سامنے اپنا سر فخر سے بلند کرکے یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم امن کے داعی تو ضرور ہیں لیکن اپنے ملک اور عوام کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتے، میر صادق عمرانی نے مزید کہا کہ اب بھی موقع ہے کہ بھارت اپنا قبلہ درست کرے، مقبوضہ کشمیر، لائن آف کنٹرول سمیت دیگر علاقوں میں اشتعال انگیز کاروائیوں سے باز رہتے ہوئے ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دے
انہوں نے کہا کہ ”آپریشن بنیان مرصوص” انڈیا اور پوری دنیا کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان خطے میں ایک ذمہ دار ریاست کی طرح ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا ضرور خواہاں ہے لیکن ہماری ان کاوشوں کو سنجیدگی کے ساتھ لیتے ہوئے خطے میں پاکستان کی خودمختاری، دفاعی طاقت اور اہمیت کو بھی سمجھا جائے، میر صادق عمرانی نے کہا کہ کوئی بھی ملک اور قوم اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان ایک کمزور ریاست ہے، ہمارے عوام اور اداروں کے اندر اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اندرون ملک اور بیرونی سازشوں اور جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرسکیں۔
Leave a Reply