کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں گاڑی پر میزائل حملے میں مارے جانے والے ولی محمد کی سفری تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ ولی محمد 2006سے 2016تک 12مرتبہ بیرون ملک گیا۔ولی محمد نے امارات ایئر لائنز، گلف، شاہین ، یونائیٹڈ ایئر لائنز کے علاوہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پروازوں کے ذریعے سفر کیا۔ ہفتہ کے روز بلوچستان کے ضلع نوشکی اور چاغی کے درمیان مل کچکی کے مقام پر گاڑی پر ہونے والے امریکی میزائل حملے میں مارے جانے والے ولی محمد کی سفری دستاویزات سامنے آگئی ہیں ۔سیکورٹی اداروں نے کوئٹہ اور کراچی ایئر پورٹس کے علاوہ تفتان میں امیگریشن میں ولی محمد کی آمدروفت کی تصاویر بھی حاصل کرلی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق ولی محمد نے 2006سے 2016تک 18مرتبہ بیرون ملک کا سفر کیا۔ولی محمد آخری دو مرتبہ بذریعہ سڑک ایران گیا۔ پہلے 18فروری 2016کو تفتان گیا اور 10مارچ کو واپس آیا۔ دوسری بار 25اپریل 2016کو تفتان روانہ ہوا اور 21مئی کو واپس آیا۔یہی وہ دن تھا جب انہیں نوشکی کے قریب نشانہ بنایا گیا۔سفری دستاویزات کے مطابق ولی محمد 9مرتبہ کراچی سے اور ایک مرتبہ کوئٹہ ایئرپورٹ سے بیرون ملک روانہ ہوا۔ولی محمد 10ستمبر 2007کو کراچی سے دوبئی گیا اور 3اکتوبر کو اسکی واپسی ہوئی۔11جنوری 2008کو ولی محمد پھر دوبئی گیا اور 3فروری 2008کو واپسی ہوئی۔پھر 22نومبر 2008کو ولی محمد دوبئی گیا اور 5دسمبر کو اسکی واپسی ہوئی۔2جنوری 2010کو ولی محمد بحرین گیا اور 14جنوری کو اسکی دوبئی سے واپسی ہوئی۔آخری مرتبہ 26جنوری 2012کو ولی محمد دوبئی گیا۔ولی محمد نے امارات ایئر لائنز، گلف، شاہین ، یونائیٹڈ ایئر لائنز کے علاوہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پروازوں کے ذریعے سفر کیا۔