میڈرڈ: مشہور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے کوچ زیندالدین زیڈان نے ہفتے کو ایٹلیٹکو میڈرڈ کیخلاف ہونے والے چیمپیئنز لیگ کے فائنل کیلئے کرسٹیانو رونالڈو کو فٹ قرار دیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ران کی انجری کا شکار ہیں لیکن زیڈان نے کہا کہ وہ فٹ ہیں اور ہفتے کو ہونے والے پریکٹس میچ میں انہیں احتیاطاً نہیں اتارا گیا۔
تین مرتبہ سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو آخری مرتبہ دس دن قبل میدان میں اترے تھے اور انہوں نے ڈیورٹوو کے خلاف میچ میں دو گول اسکور ر کے اس سیزن میں اپنے گولوں کی تعداد 51 کر لی تھی۔
زیڈان نے کہا کہ وہ ہفتے کو تیار ہوں گے اور میرے خیال میں ہم جسمانی طور پر اچھی شکل میں ہیں۔
تاہم زیڈان نے تصدیق کی کہ اسٹار فرانسیسی کھلاڑی رافیل ویرین ہفتے کو ہونے والے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے جس کے ساتھ ساتھ ان کی یورو کپ میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
زیڈین نے کہا کہ ویرین دو سے تین ہفتے تک فٹبال نہیں کھیل سکیں گے اور مجھے امید ہے کہا ان کی انجری زیادہ سنگین نوعیت کی نہیں ہو گی۔
ویرین کی عدم موجودگی میں پے پے ممکنہ طور پر ان کی جگہ لیں گے۔
اٹیک پر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ ساتھ کریم بنزیما اور گیرتھ بیل بھی موجود ہوں گے۔
ریال کے سابق کوچ رافیل بینیٹیز کو برطرف کیے جانے کے بعد زیڈان نے عہدہ سنبھالا تو انہوں نے ٹیم کی قسمت یکسر بدل دی جہاں ریال میڈرڈ نے گزشتہ 26 میچوں سے 21 میں فتح حاصل کی اور اب وہ یورپیئن کپ جیت کر اپنے کوچنگ کیریئر کے آغاز کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔
تاہم 2002 میں شاندار وولی سے ریال میڈرڈ کو چیمپیئنز لیگ جتوانے والے زیڈان نے کہا کہ بحیثیت کوچ ابھی بھی ان کیلئے بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔
یاد رہے کہ چیمپیئنز لیگ کا فائنل ہفتے کو میلان میں ریال میڈرڈ اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کے درمیان کھیلا جائے گا اور یہ گزشتہ تین سال کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا فائنل ہے جہاں 2014 میں ریال نے فتح حاصل کر کے چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔