کوئٹہ: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نےدہشت گردی کےخاتمے کے لئےکئی آپریشن کئے لیکن پرامن پاکستان کے حصول کے لئے ابھی اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔
کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ضرب عضب میں پاک فوج نے عملی آپریشن کے بعد خفیہ اطلاعات پر بھی کامیابی کے ساتھ اہم نوعیت کے آپریشن کئے اوراہداف حاصل کئے لیکن دہشت گردی کے خلاف آپریشن کا ابھی خاتمہ نہیں ہوا، پرامن اورخوشحال پاکستان کاحتمی مقصد حاصل کرنےکے لئے مزید کام ضروری ہے۔ اس مقصد کے حصول تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی عالمی مسئلہ ہے اور اس عالمی مسئلے سے لڑنے کے لئے پاکستان اور پاکستانی فوج پرعزم ہے کیونکہ پاک فوج جیسی متحرک فوج کی قیادت پر فخر ہے کیونکہ دنیا کی کوئی بھی فوج آج تک پاک فوج کی طرح چیلنجز کا مقابلہ نہیں کر پائی ۔