کوئٹہ+بختیار آباد+نوکنڈی +قلات: کوئٹہ، بختیار آباد اور چاغی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں مختلف ٹریفک حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق تیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے تھانہ نیو سریاب کی حدود میں پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب تیز رفتار مزدا ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد جاں بحق ہوگئے۔ ڈرائیور مزدا ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ لاشیں سول اسپتال لائی گئیں جہاں ان کی شناخت مشرقی بائی پاس کے رہائشی اکیس سالہ محمد ایوب ولد مولوی امر الدین نورزئی اور عبیداللہ ولد سید محمد خلجی کے طور پر ہوئی ہے ۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ دوسری جانب نصیرآباد اور سبی کے درمیان بختیار آباد کے قریب ڈیرہ مراد جمالی سے بھاگ ناڑی جانے والی ایک مسافر ویگن مخالف سمت سے آنے والی مسافر بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ چار مسافر جاں بحق جبکہ پچیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں ملوکا بی بی، شوکت علی کٹہار، ہزار خان اور سلطان علی بھٹو شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں محمد جان، عبداللہ، پیرل، غلام رسول، اللہ ڈنہ، احمد فقیر، عبدالرشید، اللہ وسایا، امام خاتون، ذرینہ بی بی، جمال خاتون، علی احمد بہرانی، شفیع محمد، محمد بخش، معشوق علی ، صغراں بی بی، عبدالطیف اور علی احمد و دیگر شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی لیویز فورس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی پہنچایا ۔ سول اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کرکے زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی۔ دس شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد لاڑکانہ اور کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ادھر قلات کے قریب ٹوڈی اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ پشین میں نامعلوم فلڈر گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔علاوہ ازیں جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں صحبت پور راوڈ پر ٹرک کی ٹکر سے دودھ فروش موٹر سائیکل سوار صدام کھوسہ شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے ڈرائیور محمد خان کھوسہ کو گرفتار کرلیا۔