کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران دو دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔ دہشتگردوں کے کئی کیمپ تباہ اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ جبکہ بولان میں ایف سی کے قافلے پر بم حملے میں اہلکار بال بال محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بالگتر کے قریب ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔ ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن میں دہشتگردوں کے پانچ کیمپوں کو تباہ کرکے دو کلاشنکوف، دو دستی بم، تین رائفلیں، ایک پستول برآمد کرلی گئی ۔ ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار اور ہلاک دہشتگرد فورسز پر حملوں میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈال رہے تھے ۔ہلاک ملزمان کی شناخت عبداللہ ولد شیر محمد اورمحمد علی ولد محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ادھر بولان کے علاقے مچھ میں گوگرت کے مقام پر اس وقت بم حملہ کیا گیا جب وہاں سے 68ونگ کا ایک قافلہ کیپٹن ڈاکٹر نعمان کی قیادت میں سبی سے مچھ جاتے ہوئے گزر رہا تھا۔ دھماکا سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا تاہم قافلے میں شامل تمام گاڑیاں محفوظ رہی۔ دھماکے کے بعد ایف سی حکام اور ڈپٹی کمشنر لیویز کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور سرچ کے دوران تقریبا دس کلو گرام دھماکا خیز مواد برآمد کرکے دھماکے سے ناکارہ بنادیا۔ ایف سی حکام کے مطابق ناکارہ بنایا جانے والا دھماکا خیز مواد پھٹنے والے بم سے منسلک تھا تاہم پھٹ نہ سکا تھا۔ دھماکا خیز مواد ناکارہ بنائے جانے کے بعد این65قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی۔