میکسیکو سسٹی: میکسیکو کے مغوی فٹ بالر ایلن پولیڈو کو کئی گھنٹوں بعد بازیاب کرادیا گیا۔
میکسیکو کی ریاست ٹیمالیپاس کی حکومت کی جانب سے سماجی ذرائع ابلاغ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’فٹ بالر ایلن پولیڈو کو بحفاظت بازیاب کرادیا گیا ہے’۔
ایلن پولیڈو بعد ازاں گورنر ایگیڈیو ٹورے کینٹو کے ساتھ مختصر پریس کانفرنس کے لیے آئے اور خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں بخیر و عافیت ہوں’۔
حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ فٹ بالر کو طبی معائنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔
ریاستی گورنر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس معاملے پر تفتیش کررہی ہے اور مزید تفصیلات جاری کردی جائیں گی۔
یونان کے فٹ بال کلب اولمپیاکوز کے کھلاڑی 25 سالہ پولیڈو کو گزشتہ روز ریاست ٹیمالیپاس سے اغوا کیا گیا تھا۔
خاندان کے افراد نے حکام کوبتایا کہ پولیڈو اپنے آبائی شہر ٹیمالیپاس کے دارالحکموت کیاڈو وکٹوریہ سے پارٹی سے واپس آرہے تھے کہ 6 مسلح افراد نے ان کو اغوا کیا۔
فٹ بالر کے اغوا کے مقاصد تاحال معلوم نہ ہو سکے تاہم حکام نے اس حوالے سے جلد ہی تفصیلات جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔