کوئٹہ: تین ہفتے قبل گہرے سمندر میں لاپتہ ہونے والی بلوچستان کے ماہی گیروں کی کشتی مل گئی ۔ ماہی گیروں اور عملے کے ارکان سمیت بارہ افراد کو سری لنکن بحریہ نے بچالیا۔ محکمہ فشریز کے ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے جیوانی اور پشکان سے تعلق رکھنے والے ماہی گیر اور عملے کے ارکان سمیت بارہ افراد مچھلیوں کے شکار کیلئے گہرے سمندر میں گئے تھے جہاں وہ بھٹک گئے تھے۔بحرہند میں سری لنکن نیوی نے کشتی کو ریسکیو کیا اور اس میں سوار ماہی گیروں اور عملے کے ارکان کو بچالیا۔ بعد ازاں انہیں عمان کی بحریہ کے حوالے کردیا۔ محکمہ فشریز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمان کی بحریہ نے پاکستان کی میرین سیکورٹی ایجنسی کے حکام سے رابطہ کرکے تصدیق کی ہے کہ زاہد حسین ولد عارف حسین،رحیم بخش ولد لعل بخش،عبدالرشید ولد عبدالعزیز اورمحمد اکبر ولد نظر محمد سمیت بارہ افراد ان کی تحویل میں ہیں جنہیں جلد پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کشتی محکمہ فشریز کے پاس پیر بخش ولد دل مراد کے نام سے رجسٹر ہے ۔ کشتی کا نا خدا کریم بخش ولد یار محمد چار روز قبل اپنی جان بچا کر پشکان پہنچا تھا۔