۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے دو اہلکاروں کو زخمی کردیا۔ جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے ضلعی امیر سمیت چار مبینہ دہشتگرد مارے گئے۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نیو تھانہ سریاب کی حدود میں مستونگ روڈ پر شیخ زید اسپتال کے قریب پولیس اہلکار گاڑی میں معمول کا گشت کررہے تھے۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے اچانک حملہ کردیا۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ پر حملہ آور قریب ہی سیب کے باغات میں چھپ گئے۔ فوری اطلاع ملنے پر پولیس، انٹی ٹیررسٹ فورس ، ایف سی اور انٹیلی جنس اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار مبینہ دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے دو دستی بم، ایک کلاشنکوف، ایک ٹی ٹی اور ایک نائن ایم ایم پستول ، تین شناختی کارڈ اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔ دہشتگردوں کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق مارے جانے والے دہشتگردوں میں کالعدم جیش الاسلام کا ضلعی امیر ڈاکٹر عمیر بھی شامل ہے ۔