15ویں یورو فٹبال چیمپئین شپ دس جون سے فرانس میں شروع ہو رہی ہے۔
یورپی ممالک کے لیے مخصوص ان مقابلوں میں 24 ٹیمیں میدان میں ہیں جنھیں چھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
سپین کی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
یورو فٹبال مقابلوں میں اب تک کھیلے گئے 14 ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ بار کامیابی جرمنی اور سپین کے حصے میں آئی ہے اور دونوں ٹیموں نے تین تین مرتبہ یہ مقابلے جیتے ہیں۔
اس کے بعد موجودہ ٹورنامنٹ کے میزبان فرانس کا نمبر آتا ہے جو دو بار یورو کا فاتح رہ چکا ہے۔
ان کے علاوہ سویت یونین، اٹلی، چیکو سلواکیہ، نیدر لینڈز، ڈنمارک اور یونان نے ایک ایک بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔
یورو 2016
گروپ اے
گروپ بی
گروپ سی
گروپ ڈی
گروپ ای
گروپ ایف
البانیہ
انگلینڈ
جرمنی
کروشیا
بیلجیئم
آسٹریا
فرانس
روس
شمالی آئرلینڈ
جمہوریہ چیک
اٹلی
ہنگری
رومانیہ
سلوواکیہ
پولینڈ
سپین
جمہوریہ آئرلینڈ
آئس لینڈ
سوئٹزر لینڈ
ویلز
یوکرین
ترکی
سویڈن
پرتگال
ماضی کے فاتحین
سنہ 1960، سویت یونین
فرانس میں کھیلی جانے والی پہلی یورو فٹبال چیمپئین شپ کے فائنل میں اس وقت کی سوویت یونین کی ٹیم نے یوگو سلاویہ کو دو ایک سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
سنہ 1964، سپین
سپین میں کھیلی جانے والی دوسری یورو کپ فٹبال چیمپئین شپ کو میزبان ملک نے جیتا۔
یورو مقابلوں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب میزبان ملک نے اس چیمپئین شپ کو جیتا۔
سپپن نے فائنل میں دفاعی چیمپیئن سوویت یونین کی ٹیم کو دو ایک سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1968، اٹلی
اٹلی میں کھیلی جانے والی تیسری یورو فٹبال چیمپئین شپ میں ایک بار پھر فتح کا تاج میزبان ملک کے سر رہا۔
یورو کپ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع تھا جب میزبان ملک نے اس چیمپئین شپ کو جیتا۔
اٹلی نے فائنل میں یوگوسلاویہ کو دو صفر سے ہرایا۔
سنہ 1972، مغربی جرمنی
بیلجیئم میں کھیلی جانے والی چوتھی یورو چیمپئین شپ کے فائنل میں سوویت یونین کی ٹیم گذشتہ چار ٹورنامنٹس میں تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچی لیکن یہ فائنل مغربی جرمنی کے نام رہا جس نے سویت یونین کو تین صفر کے سکور سے فتح حاصل کی اور پہلی بار اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1976، چیکو سلواکیہ
یوگوسلاویہ میں منعقد ہونے والی پانچویں یورو فٹبال چیمپئین شپ کے فائنل میں چیکو سلواکیہ اور دفاعی چیمپیئن مغربی جرمنی کا میچ مقررہ وقت میں برابر رہا۔
یوں پہلی مرتبہ یورو کے فائنل کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں چیکوسلواکیہ نے پانچ کے مقابلے میں تین گول سے فتح حاصل کی اور پہلی بار یورو فٹبال چیمپئین شپ جیتی۔
سنہ 1980، مغربی جرمنی
اٹلی میں کھیلے جانے والے چھٹے یورو مقابلوں میں مغربی جرمنی کی ٹیم لگاتار تیسری بار فائنل میں پہنچی اور بیلجیئم کو دو ایک سے شکست دے کر دوسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1984، فرانس
فرانس میں منعقد ہونے والی ساتویں یورو چیمپئین شپ کے فائنل میں میزبان فرانس اور سپین کی ٹیمیں مدِمقابل آئیں۔
فتح فرانس کے حصے میں آئی جس نے سپین کو دو صفر سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
یہ یورو مقابلوں کی تاریخ میں تیسرا موقع تھا جب میزبان ملک یہ چیمپئین شپ جیتنے میں کامیاب رہا۔
اس سے پہلے سپین نے 1964 اور اٹلی نے سنہ 1968 میں اس چیمپئین شپ کی میزبانی کے ساتھ ساتھ یہ کپ بھی جیتا تھا۔
سنہ 1988، نیدر لینڈز
اس وقت کے مغربی جرمنی میں کھیلی جانے والی آٹھویں یورو چیمپئین شپ کے فائنل میں نیدرلینڈز کی ٹیم نئے فاتح کے طور پر سامنے آئی۔
نیدرلینڈز نے 1972 کے بعد پہلی بار فائنل میں پہنچنے والی سوویت یونین کی ٹیم کو دو صفر سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1992، ڈنمارک
سویڈن میں منعقد ہونے والے نویں ٹورنامنٹ کے فائنل میں ڈنمارک نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی اور پہلی بار یورو چیپمئین بننےکا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1996، جرمنی
انگلینڈ میں کھیلی جانے والی دسویں یورو فٹبال چیمپئین شپ میں جرمنی نے لگاتار دوسری بار فائنل تک رسائی پائی اور جمہوریہ چیک کی ٹیم کو دو ایک سے ہرا کر نہ صرف گذشتہ مقابلوں میں شکست کا داغ دھویا بلکہ مجموعی طور پر تیسری بار یورو کا فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 2000، فرانس
بیلجیئم اور نیدرلینڈ میں منعقد ہونے والی 11ویں یورو چیمپئین شپ کے فائنل میں فتح فرانس کے حصے میں آئی جس نے اٹلی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر دوسری بار یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 2004، یونان
12 ویں یورو مقابلے پرتگال میں کھیلے گئے جس کے فائنل میں یونان نے میزبان ملک پرتگال کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار یورو چیمپئین شپ کا فاتح بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ2008، سپین
آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ میں کھیلی جانے والے 13 ویں یورو مقابلوں کے فائنل میں فتح کی دیوی 34 برس بعد سپین کی ٹیم پر مہربان ہوئی جب اس نے جرمنی کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی تاریخ میں دوسری بار فتح کا تاج اپنے سر سجایا۔
سنہ 2012، سپین
پولینڈ اور یوکرین میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والی 14 ویں یورو فٹبال چیمپیئن شپ میں سپین کی ٹیم ایک بار پھر فائنل میں پہنچی جہاں اس کا سامنا اٹلی سے تھا۔
اس مرتبہ سپین نے ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد اٹلی کو چار صفر سے شکست دی اور مسلسل دوسری بار جبکہ مجموعی طور پر تیسری بار یہ اعزاز اپنے نام کیا۔