|

وقتِ اشاعت :   June 8 – 2016

کوئٹہ :کوئٹہ میں قصابوں کی ہڑتال کے باعث چھوٹے اور بڑے کا گوشت نایاب ہوگیا۔ شہری افطاری کیلئے چکن اور سبزیاں خریدنے پر مجبور ہوگئے۔ کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے خلاف قصابوں نے ہڑتال کردی۔ بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن کی اپیل پر شہر بھر میں گوشت کی دکانیں بند رہیں۔ ہڑتال کے باعث شہر میں چھوٹے اور بڑے کا گوشت نایاب ہوگیا ہڑتال کے باعث چکن اورسبزیوں کی دکانوں پر رش بڑھ گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے مٹن کی قیمت پانچ سو پچھتر روپے جبکہ بیف کی قیمت تین سو نوے روپے فی کلو مقرر کی ہے۔ بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مال مویشیوں کی دیگر صوبوں اور بیرون ملک سمگلنگ کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ سرکاری نرخ پر گوشت بیچنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤد خان خلجی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے اور سستے بازاروں کا انعقاد بھی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرینگے بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن ہڑتال فوری طور پر ختم کریں بصورت دیگر ان کی تمام دکانیں سیل کر دی جائیگی روزہ داروں کو مشکلات میں نہیں ڈال سکتے گوشت کی فراہمی کیلئے جلد اقدامات اٹھائے جائینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اپنی بساط کے مطابق عوام اور روزہ داروں کو ریلیف فراہم کر نے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ نے پہلی دن ہی سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کر نے پر40 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا اور کئی دکانداروں پر جرمانے بھی عائد کئے سستے بازاروں کی قیام کے حوالے سے جلد اقدامات اٹھائیں گے کیونکہ سستے بازاروں سے غریب عوام کی مشکلات میں کمی آسکتی ہے اور سستے بازاروں میں تمام اشیاء کو رکھیں جائینگے بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال غیر قانونی ہے اور ہڑتال کی وجہ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مہنگے داموں اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے دکانداروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا اور تمام مجسٹریٹ اپنے اپنے علاقوں میں ہر وقت سرکاری نرخ نامے کیلئے علاقے میں موجود ہونگے دکانداروں کو بھی چاہئے کہ وہ ماہ مقدس میں عوام کو اپنی طرف سے ریلیف فراہم کرے ۔