نائجیریا فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق ملک کے معروف فٹبالر سٹیفن کیشی 54 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
سٹیفن کیشی نائجیریا کی قومی فٹبال ٹیم کے سابق کوچ بھی تھے۔ انھوں نے بیلجیئم کی ٹیم اینڈر لیخٹ کی جانب سے مختصر عرصے کے لیے فٹبال کھیلی۔ نائجیریا کے مقامی میڈیا کے مطابق یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ ایک کھلاڑی کے طور پر کیشی سنہ 1994 میں ہونے والے سوپر ایگلز ٹیم کا حصہ تھے جس میں ان کی ٹیم نے کپ حاصل کیا تھا۔ اسی سال ان کی قومی ٹیم ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جـگہ بنانے میں ناکام رہی تھی۔کیشی سنہ 1994 میں ہونے والے سوپر ایگلز ٹیم کا حصہ تھے جس میں ان کی ٹیم نے کپ حاصل کیا تھا
انھوں نے تین بار قومی ٹیم کی کوچنگ کی اور ان کے زمانے میں سنہ 2013 میں نائجیریا کی ٹیم نیشنز کپ کی فاتح رہی جبکہ برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم آخری 16 ٹیموں میں رہی۔ ورلڈ کپ کے بعد ان کے معاہدے کی تجدید نہیں ہوئی لیکن سنہ 2015 میں نائجیریا کے نیشنز کپ کے فائنلز میں پہنچنے میں ناکامی کے بعد اب ان سے ایک ایک میچ کی بنیاد پر معاہدہ کیا گیا۔ اس کے بعد انھیں نگراں کوچ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا لیکن پھر نائجیریا کے صدر گڈلک جوناتھن کی دخل اندازی کے بعد انھیں پھر بحال کر دیا گيا۔انھیں آخری بار جولائی میں نائجیریا کی ٹیم سے ہٹایا گيا۔