|

وقتِ اشاعت :   June 10 – 2016

کوئٹہ : ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچادیں، دیواریں گرنے سے دو بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ درجنوں کچے مکانات منہدم ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی محمد طارق کے مطابق تحصیل سوئی میں گذشتہ شب تیز ہوائیں چلنے کے بعد اچانک طوفان آیا جس نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ طوفانی ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث درجنوں کچے مکانات منہدم ہوگئے۔ سوئی ٹاؤں کے علاقوں ظفر کالونی، بوگرہ کالونی، بگٹی کالونی اور محمد کالونی میں دیواریں گرنے سے دو بچے چودہ سالہ آستی بی بی اور دس سالہ لعل بخش جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ طوفانی ہواؤں کے باعث بجلی کی گیارہ ہزار کے وی کے کئی کھمبے اور تاریں بھی گر گئیں جس کے نتیجے میں شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ لیویز اور ضلعی انتظامیہ کی امدادی ٹیموں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں تاہم اندھیرے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کے مطابق سوئی میں امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کی تفصیلات جمع کرنے کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سوئی میں طوفان اور بارش سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں شروع کیا جائے۔