|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ نے قصابوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ۔پرانا نرخ نامہ بحال ہونے پر بیف اینڈ مٹن ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی۔ تفصیلات کے مطابق بیف اینڈمٹن ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان گوشت کے نرخ نامے پراتفاق پا گیا ہے ۔گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونیوالے مشترک اجلاس کے موقع پر فیصلہ ہواہے کہ ہڈی والا بڑا گوشت 320جبکہ بغیر ہڈی 420روپے ،اس کے علاوہ دنبے کاگوشت 600جبکہ بکرے کاگوشت 620روپے فی کلو فروخت ہوگا ۔ یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے اس سے قبل نرخ نامہ جاری کیا تھا جس کے مطابق بڑے کا گوشت بغیر ہڈی کا 390روپے جبکہ چھوٹے کا گوشت575روپے فروخت کیا جائے گا تاہم قصائیوں نے نرخ نامہ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے ہڑتال شروع کردی تھی۔ گزشتہ روز بیف اینڈمٹن ایسوسی ایشن کا گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کوئٹہ محمدداؤد خلجی کے ساتھ مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداران کی موجودگی میں مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں گوشت کے نرخ نامے پر اتفاق کیاگیا جس پر بیف اینڈمٹن ایسوسی ایشن عملدرآمد کی پابندہوگی ۔مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری اللہ داد ترین کے مطابق انجمن تاجران اور بیف اینڈمٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداران کسی بھی ایسے قصائی کی طرف داری نہیں کریں گے جو نرخ نامے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا ۔مرکزی انجمن تاجران بھی تمام قصائیوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ نرخ نامے کی پاسداری کو ممکن بنائے تاکہ آنے والے وقتوں میں ان کیلئے مشکلات نہ ہو انہیں قانونی کارروائی کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔