۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ میں ڈاکوؤں نے نجی بینک کو لوٹ لیا۔ مزاحمت پر سیکورٹی گارڈ کو قتل جبکہ رکشہ ڈرائیور کو زخمی کردیا پولیس کے مطابق زرغون آباد تھانہ کی حدود نواں کلی میں پہلا اسٹاپ پر مین روڈ پر واقع الائیڈ بینک میں مسلح ڈاکو عام شہری کے بھیس میں بینک میں داخل ہوئے اور بجلی کا بل جمع کرانے کے بعد اچانک ہتھیار نکال لیے۔ ڈاکوؤں نے عملے کو یرغمال بناکر رقم لوٹ لی۔ اس دوران بینک میں تعینات سیکورٹی گارڈ عبدالرحمان خلجی ولد ہوتک نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤوں نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں عبدالرحمان شدید زخمی ہوا اور اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ انہیں دو گولیاں لگی تھیں۔ جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر بینک کے باہر سڑک پر گزرنے والا رکشہ ڈرائیور عبدالخالق بڑیچ ولد عبدالمنان سکنہ غلام علی روڈ زخمی ہوگیا۔ انہیں کمر میں دو گولیاں لگیں۔ لاش اور زخمی کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لوٹی گئی رقم آٹھ لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ ڈاکوؤں کی تعداد چھ سے آٹھ تھی جو واردات کے بعد موٹر سائیکل پرفرار ہوگئے۔ جائے وقوعہ سے ٹی ٹی پستول اور نائن ایم ایم کے خالی خول ملے ہیں۔ پولیس نے بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔ تصاویر میں ملزمان کے چہرے قابل شناخت ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی جانب سے جمع کرایا جانے والا بجلی کے بل کا ریکارڈ نکالنے کیلئے واپڈا سے مدد لی جائے گی۔ عینی شاہدین کے مطابق فرار ہوتے وقت ڈاکوؤں نے بینک کے باہر بھی ہوائی فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق علاقے میں نجی بینک کی شاخ ڈیڑھ ماہ قبل ہی قائم کی گئی تھی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔