|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

اوتھل:ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے کہا ہے کہ ہنگلاج نانی مندر کے دورے کا بنیادی مقصد نوراتری فیسٹیول 2026 کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور انہیں مؤثر بنانا ہے تاکہ ہندو برادری کے افراد اپنے مذہبی تہوار کو مکمل امن، عقیدت اور احترام کے ساتھ منا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور ایک دوسرے کے عقائد کے احترام کا درس دیتا ہے، اسی لئے پولیس کی ذمہ داری ہے کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوراتری فیسٹیول 2026 کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے جائزے کے لیئے ہنگلاج نانی مندر لیاری کے دورے کے دوران کیا۔

 

ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے بتایا کہ 18 مارچ 2026 سے شروع ہونے والے سالانہ نوراتری فیسٹیول کے پیش نظر مندر اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے جامع انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ ملک بھر سے آنے والے ہندو یاتری بلا خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔اس موقع پر ایس ایس پی لسبیلہ کے ہمراہ خالد دین خان (ڈی ایس پی / ایس ڈی پی او اوتھل)، ایس آئی شاہد اقبال، ایس ایچ او لیاری اور ہندو برادری کے معزز نمائندگان بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران مندر کے احاطے اور اس کے گردونواح کا تفصیلی معائنہ کیا گیا جبکہ ان تمام مقامات کا خصوصی جائزہ لیا گیا جہاں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی جائے گی۔

 

ایس ایس پی لسبیلہ نے کہا کہ نوراتری فیسٹیول کے دوران ہنگلاج نانی مندر آنے والے زائرین کی حفاظت اولین ترجیح ہوگی۔ اس مقصد کے لیے نہ صرف مندر کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی بڑھائی جائے گی بلکہ مندر تک آنے اور جانے والے تمام راستوں پر بھی مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری یا خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ لسبیلہ پولیس ہندو برادری کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور فیسٹیول کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زائرین کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آخر میں ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے ہندو برادری کے نمائندگان کو یقین دہانی کرائی کہ نوراتری فیسٹیول کے دوران لسبیلہ پولیس ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ تمام یاتری اپنے مذہبی تہوار کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں ادا کر سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *