|

وقتِ اشاعت :   June 20 – 2016

اسلام آباد: پاکستان اورافغانستان نے سرحدوں سے متعلق معاملات کو فوری حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق افغان نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ یہ دورہ  سرتاج عزیز اور افغان قومی سلامتی مشیرحنیف اتمار کے ٹیلی فونک رابطے کا نتیجہ ہے، وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات سرحدی مسائل خوش اسلوبی سے حل کرنے کی باہمی خواہش کے تحت ہوئے، اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موثرسرحدی انتظام دونوں ملکوں میں مضبوط تعلقات،امن ،انسداد دہشت گردی کے لئےناگزیر ہے، بارڈر مینجمنٹ مسائل پرمناسب میکنزم تشکیل دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ مئوثر بارڈر مینجمنٹ سے انسداد دہشتگردی،قیام امن میں مدد ملے گی، بارڈر مینجمنٹ کے معاملے پر مشاورت کے لئے مناسب میکنزم مرتب کیا جائے۔ اس موقع پر طے پایا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور افغان وزیرخارجہ کے درمیان آئندہ ہفتے تاشقند میں ہونے والی سنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے اجلاس کے دوران ملاقات ہوگی جس میں بارڈرمینجمننٹ پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق دفتر خارجہ اسلام آباد میں وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران پاکستان نے طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی اشتعال انگیزی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ جس پر افغان وفد نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ اس قسم کی صورت حال سے بچنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ افغان وفد مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آیا تھا تاکہ سرحد پر موجود کشیدگی کو ختم کرنے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔