کوئٹہ : احتساب عدالت نے بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کیریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کردی۔سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کو جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر سخت سیکورٹی میں احتساب عدالت کوئٹہ پیش کیا گیا۔ عدالت نے خالد لانگو کی پیشی کے موقع پر احاطہ عدالت میں پارٹی کارکنوں کے رش پر ناپسندیدگی کیا تاہم سابق مشیر خزانہ کی درخواست پر عدالت نے انہیں کارکنوں سے اگلی سماعت پر ملنے کی اجازت دیدی۔ سماعت کے دوران خالد لانگو کے وکیل باز محمد کاکڑ نے عدالت سے درخواست کی کہ انکے موکل کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع نہ کی جائے۔ خالد لانگو عوامی نمائندے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں انکی شرکت ضروری ہے تاکہ وہ اپنے حلقے کے مسائل کی نشاندہی کرسکیں۔ تاہم نیب کے پراسکیوٹر نے درخواست کی کہ خالد لانگو سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی اور اس کیس میں مزید پیشرفت ہونا ابھی باقی ہے اس لیے سابق مشیر خزانہ کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے خالد لانگو کو مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ ان کے ریمانڈ میں تیسری بار توسیع کی گئی ہے۔ عدالت نے ملزم کو چودہ جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ میگا کرپشن کیس میں سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ خالد لانگو کے بھائی ضیاء لانگو بھی اس کیس میں نیب کو مطلوب ہے جو خالد لانگو کی بلٹ پروف قیمتی گاڑی سمیت رپوش ہے۔ ضیاء لانگو کی گرفتاری کے لیے بھی مارے جارہے ہیں۔