|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی صوبائی کابینہ کو جمہوری اور انتخابی عمل سے منتخب کرنے کی بجائے بند کمروں میں ایک مخصوص ٹولے کی جانب سے تشکیل دینے کی ایک بار پھر کوشش کی جا رہی ہے، جو نہ صرف ڈاکٹرز کمیونٹی کی تقسیم اور ینگ ڈاکٹرز کی واحد تنظیم کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار کر سکتی ہے۔ اس مخصوص ٹولے کو خبردار کرتے ہیں کہ ان مذموم عزائم سے باز آ کر جمہوری انداز اپنا کر انتخابی عمل کے ذریعے سے ہی ینگ ڈاکٹرز کی کابینہ کے انتخاب میں اپنا حصہ ڈالیں ، وگرنہ مستقبل میں تنظیم کو پہنچنے والے ہر قسم کے نقصانات کے ذمہ داری اس مخصوص ٹولے پر عائد ہوگی۔

 خودساختہ مشاورتی کونسل اور تنظیم کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے مخصوص عناصر کی جانب سے صوبائی کابینہ کو جمہوری اور شفاف انتخابی عمل کے بجائے ذاتی پسند و ناپسند اور اجارہ داری کے ذریعے تشکیل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حالانکہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی صوبائی کابینہ کے تعین کا واحد جمہوری طریقہ صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایک مخصوص ٹولہ اپنی ذاتی مفادات کے تحت بند کمروں میں فیصلے کر کے ڈاکٹرز کمیونٹی کو تقسیم کرنے پر تُلا ہوا ہے۔ ماضی میں بھی اس طرزِ عمل سے تنظیم کو نقصان پہنچایا گیا، اور اب ایک بار پھر اسی روایت کو دہرایا جا رہا ہے۔

 ڈاکٹرز کمیونٹی، محکمہ صحت سے وابستہ افراد، دیگر ٹریڈ یونینز، سیاسی جماعتوں، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد پر واضح کیا جاتا ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کے بغیر کسی بھی گروہ کی جانب سے اعلان کردہ صوبائی کابینہ کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔ صرف وہی کابینہ ڈاکٹرز کمیونٹی کا حقیقی نمائندگی رکھتی ہوگی جو جمہوری طریقہ کار کے تحت پینلز کے ذریعے ووٹ لے کر منتخب ہوکر آئے گی۔

 غیر جمہوری اور غیر شفاف طرزِ عمل نہ صرف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی بنیادی اقدار کو مجروح کرتا ہے بلکہ پوری ڈاکٹرز کمیونٹی اور مریضوں کے مفادات کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ لہٰذا اس قسم کے اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور مستقبل میں ان اقدامات کے ذریعے ہونے والے ہر قسم کے نقصانات کی ذمہ داری اسی مخصوص ٹولے پر عائد ہوگی جس کو ڈاکٹرز کمیونٹی کی تاریخ میں کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔

 ڈاکٹرز کمیونٹی سے اپیل ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے خلاف متحد ہوں، تنظیم کو مزید تقسیم ہونے سے بچائیں، اور جمہوری طرز پر شفاف انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کریں، جہاں تمام ممبران کو یکساں مواقع میسر ہوں۔ ہم تمام ڈاکٹرز سے درخواست کرتے ہیں کہ اس معاملے پر نظر رکھیں اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *