کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے تمام ماتحت اور منسلک محکموں کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے طلب کردہ معلومات بغیر کسی تاخیر کے فراہم کریں۔ یہ ہدایات محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے تمام متعلقہ انتظامی محکموں کے سربراہان کے نام لکھے گئے مراسلے میں دی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایسی خبریں گردش کررہی تھیں کہ چیف سیکریٹری بلوچستان نے تمام ماتحت محکموں کے سربراہان کو نیب کو بغیر اجازت کے معلومات فراہم کرنے سے منع کیا تھا۔اس صورتحال میں نیب کو محکمہ ایکسائز ، محکمہ صحت اور دیگر محکموں سے معلومات کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم جمعرات 23 جون کو محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ریگولیشن سیکشن ون کی جانب سے جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ نیب حکام کے ساتھ خط و کتابت کیلئے چیف سیکریٹری بلوچستان کی پیشگی اجازت کے حصول کے باعث نیب حکام کو معلومات کی فراہمی میں تاخیر کی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں مطلع کیا جاتا ہے کہ نیب حکام کو معلومات کی جلد فراہمی کیلئے اب سے تمام انتظامی محکموں کے سیکریٹریٹر اس بات کے مجاز ہوں گے کہ وہ نیب کے ساتھ خط و کتابت کرسکیں۔ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بی واسا، بلوچستان پبلک سروس کمیشن ، کمشنرز اور پولیس ڈیپارٹمنٹ متعلقہ سربراہان نیب کو معلومات کی فراہمی کے مجاز ہوں گے۔ مراسلے میں متعلقہ انتظامی سربراہان کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ وہ نیب کے ساتھ اپنی خط و کتابت کی نقول سیکریٹری ملازمت ہائے و عمومی نظم و نسق (ایس اینڈ جی اے ڈی) کو معلومات کی غرض سے فراہم کریں۔ یہ مراسلہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، چیئرمین پبلک سروس کمیشن، وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، تمام انتظامی سیکریٹریز، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، تمام ڈویڑنل کمشنر، تمام ڈپٹی کمشنر اور صوبائی حکومت سے منسلک تمام محکموں کے سربراہان کے نام لکھا گیا ہے اور اس کی کاپی ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان کوئٹہ، گورنر اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹریز ، ایس اینڈ جی اے ڈی کے حکام کو بھی بجھوائی گئی ہے۔