کوئٹہ: کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد ہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈ میں اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کانفرنس ہوئی جس کی صدارت وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے مشترکہ طور پر کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں تمام سکیورٹی اداروں ملٹری اور سول کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔کانفرنس میں ڈی آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی ایف سی نے موجودہ سکیورٹی کی صورتحال اور گزشتہ دنوں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بارے میں آگاہ کیا اور اپنے رسپانس پلان کے بارے میں بتایا۔کانفرنس کے دوران وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے اپنی کاروائیاں بڑھا دیں ہیں ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مزید فعال ہونا پڑے گاتاکہ اس دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دیں۔ جہاں جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانے ہیں انہیں ڈھونڈ ڈھونڈ کر مارنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہونے دینا چاہتی ۔ان سب چیزوں کا ادراک ہونا چاہیے اور ہماری دفاع اور رسپانس بھی حالات کے مطابق بہتر ہونا چاہیے۔اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے غیر متزلزل انداز میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کی اس تازہ لہر کا مکمل خاتمہ کرنے میں کوئی دقیقہ فردگزاشت نہیں رکھا جائیگا اور ہم سب مل کر اس برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہر دم تیار ہیں ۔ان دہشتگردوں کا قلع قمع کرکے ہی دم لیں گے۔