یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کا تیسرا کوارٹر فائنل ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب جرمنی اور اٹلی کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔
جرمنی اور اٹلی کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے فرانس کے بوردو سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل 33 مرتبہ ایک دوسرے کے مدِمقابل آ چکی ہیں جن میں سے 15 میچ اٹلی نے جیتے اور آٹھ میچوں میں جرمنی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے، جبکہ دس میچ ڈرا رہے۔ اگر ان گذشتہ 33 میچوں میں گولوں کا تناسب دیکھا جائے تب بھی اٹلی کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے، جس نے ان میچوں میں کل 49 گول اور جرمنی کے گولوں کی تعداد 40 ہے۔ تین مرتبہ یورو چیمپیئن شپ جیتنے والی جرمنی کی ٹیم ایک مرتبہ پھر بھرپور فارم میں دکھائی دے رہی ہے اور اب تک اس ٹورنامنٹ میں یوکرین، شمالی آئرلینڈ اور سلوواکیا کو شکست دے چکی ہے، جبکہ پولینڈ کے خلاف اس کا میچ برابر رہا تھا۔ یورو 2016 میں اب تک اٹلی کی کارکردگی بھی کافی بہتر رہی ہے اور اس نے چار میچوں میں سے تین میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جن ٹیموں کو اٹلی نے شکست دی ہے ان میں دفاعی چیمپیئن سپین بھی شامل ہے، جو اٹلی کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں دو صفر سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا ہے۔ اٹلی کی ٹیم ماضی میں ایک مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔ جرمنی اور اٹلی میں سے جیتنے والی ٹیم کو سیمی فائنل میں فرانس اور آئس لینڈ میں سے کسی ایک ٹیم کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ اس سے قبل گذشتہ روز ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ویلز کی ٹیم نے فیورٹ بیلجیئم کو ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔ سیمی فائنل میں ویلز کا مقابلہ پرتگال سے ہوگا جو پہلے کوارٹر فائنل میں پولینڈ کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں تین کے مقابلے میں پانچ گولوں سے ہر کر پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔جرمنی بمقابلہ اٹلی، فٹبال کے دو دیو آمنے سامنے
وقتِ اشاعت : July 2 – 2016