|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2016

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے امریکی وفد سے ملاقات کو مفید اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے دشمن مشترک ہیں اور دونوں ملکوں کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنا ہوگی جب کہ امریکی وفد کو شمالی وزیرستان اورمیران شاہ میں امن وامان کی صورت حال دیکھ کر حیرت ہوئی۔ امریکی سینیٹر جان مکین کی قیادت میں امریکی وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے امورخارجہ سے ملاقات کی جس کے بعد سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ امریکی وفد سے ملاقات مفید اور تعمیری رہی جس کے دوران ایف سولہ طیاروں کی خریداری، افغانستان کی صورتحال اور افغانستان سے سرحدی انتظامات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وفد نے افغانستان میں مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی جب کہ پاکستان افغانستان میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی وفد نے شمالی وزیر ستان کا دورہ کرنے پر وہاں امن و امان کی بہتر صورتحال دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں میران شاہ کا دورہ کر کے حیرت ہوئی جب کہ جان مکین نے کہا کہ وہ پاکستان سے مثبت پیغام کے ساتھ واپس جارہے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دونوں ملکوں کو مل کر جنگ کرنا ہوگی۔