|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2016

کوئٹہ : بلوچستان کے پاک افغان سرحدی شہر چمن میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ، سیکورٹی فورسز نے پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ سے بھری گاڑی برآمد کرلی۔سیکورٹی حکام کے مطابق چمن کے علاقے گلدار باغیچہ میں ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع ملنے پر ایک مکان پر چھاپہ مارکرفائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کو کرلیا۔ گرفتار افراد کا تعلق افغانستان کے صوبے کنڑ سے بتایا جاتا ہے۔ دریں اثناء چمن کے علاقے کلی ٹھیکیدار میں ایف سی اور حساس ادارے نے ایک خالی مکان پر چھاپہ مارا جس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اوراسلحہ سے بھری غیر رجسٹرڈ ٹوڈی سفید رنگ کی گاڑی اور ایک غیر رجسٹرڈ یاماہا موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ برآمد کئے گئے اسلحہ گولہ و بارود میں 11بارودی سرنگیں، 7عدد دیسی ساختہ بم، 2راکٹ گولے ،2دستی بم، ایک سب مشین گن بمعہ ایک میگزین اور 200عدد گولیاں، ایک عدد ٹی ٹی پستول بمعہ 22میگزین اور603گولیاں اور41مختلف اقسام کے فیوز،شامل ہیں ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی دہشتگردی کی کارروائی کیلئے تیار کی جارہی تھی۔ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔