|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ میں بے قابو ڈمپر نے دو رکشوں کو کچل دیا، دو بہنیں جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں رکشہ اور ڈمپر ڈرائیور بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثہ بروری روڈ پر سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے قریب پیش آیا جہاں ریت سے بھرا تیز رفتار ڈمپر ڈرائیور سے بے قابو ہوگیا اور دو رکشوں کو ٹکر ماردی۔ حادثے کے نتیجے میں رکشے میں سوار دو بہنیں پچاس سالہ رضیہ بی بی زوجہ سلطان محمد قوم اعوان سکنہ حنیف اسٹریٹ جان محمد روڈ کوئٹہ اور بی بی رقیہ زوجہ ارشاد قوم اعوان سکنہ سول اسپتال کالونی پرنس روڈ کوئٹہ جاں بحق ہوگئی جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں پانچ سالہ ترجیان ولد مسرور اعوان سکنہ سول اسپتال کالونی کوئٹہ، دس سالہ سمائکہ دختر ارشاد احمد سکنہ سول اسپتال کالونی ، بائیس سالہ انم ولد محمد انور سکنہ سول اسپتال کالونی ، رکشہ ڈرائیور گل خان ولد اللہ نذر ، رکشہ ڈرائیور دوست محمد ولد فقیر محمد سکنہ بروری روڈ کوئٹہ اور ڈمپر ڈرائیور رفیق ولد در محمد سندھی سکنہ سبی بھی شامل ہیں جنہیں بولان میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا۔ دونوں زخمی بچوں کو اسپتال کے نیورو سرجری وارڈ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے دونوں زخمی بچے ایک گھنٹے سے زائد تک طبی امداد کے لئے تڑپتے رہے۔ حادثے میں جاں بحق خواتین کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں رکشے مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ حادثے میں جاں بحق ایک خاتون کی لاش دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا۔