|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2016

کوئٹہ : ایرانی سرحدی فورس نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجگور کے سرحدی گاؤں میں مارٹر گولے داغے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً آٹھ بجے پیش آیا جب پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایرانی بارڈر فورس(بی ایس ایف) نے اچانک پاکستانی حدود میں مارٹر گولے داغے۔ یکے بعد دیگرے داغے گئے مارٹر گولے داغے اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ مارٹر گولے پنجگو ر کی تحصیل پروم سے تقریباً ستر کلو میٹر دور سرحد پر واقع گاؤں میں آبادی کے قریب گر کر زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جواب میں پاکستانی سرحدی فورس فرنٹیئر کور پنجگور رائفلز 79ونگ پراگ کوہ چیک پوسٹ کے جوانوں نے بھی لائٹ مشین گن اور جی تھری سے جوابی فائرنگ کی۔ مقامی آبادی نے بھی ایرانی فورسز کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ایف سی حکام نے واقعہ سے متعلق متعلق ڈپٹی کمشنر پنجگور اور دیگر متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر پنجگور اور دیگر متعلقہ حکام سرحدی خلاف ورزی کا معاملہ پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کے آئندہ اجلاس میں ایرانی حکام کے سامنے اٹھائیں گے ۔ ایرانی فورسز اس سے قبل بھی کئی بار ایسی خلاف ورزیاں کرچکی ہیں۔