|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2016

 کراچی: مقامی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ڈیفنس میں ان کے 4 بنگلے ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کردی اور پہلے مرحلے میں سابق صدر کے ڈیفنس میں واقع 4 بنگلے فوری طور پر ضبط کرنے کےاحکامات جاری کردیئے جب کہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کو بھی اس حوالے سے خط لکھ دیا گیا ہے۔ خط میں ڈی ایچ اے کو کارروائی کرکے 3 دن میں جواب پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے کراچی میں سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق آرمی ہاؤسنگ اسکیم کا ایک بنگلہ اور ایک پلاٹ بحق سرکار ضبط کرلیا گیا ہے جب کہ عدالت کی جانب سے ڈیفنس فیز8 اور خیابان فیصل کا بنگلہ نمبر 172 بھی ضبط کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔