|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2016

کوئٹہ+حب+ڈھاڈر: بلوچستان کے علاقے بولان، حب اور کوئٹہ میں ٹریفک حادثات میں بچے سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔لیویز کے مطابق ضلع کچھی (بولان کی سب تحصیل بالا ناڑی کے لیویز تھانہ حاجی شہر کی حدود میں مٹھڑی کے قریب کوئٹہ سے سندھ جانے والے تیز رفتار مزداٹرک رجسٹریشن نمبرTKA260اورجیکب آباد سے کوئٹہ جانے والی مہران کاررجسٹریشن نمبرAPL358 میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کار کے دو ٹکڑے ہوگئی۔ حادثے میں جیکب آباد کے رہائشی دو افراد عاشق علی ولد غلام رسول اور رسول بخش ولد محمد عالم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ڈرائیور مزدا ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ دوسرا حادثہ کراچی سے متصل بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے وندر میں پیش آیا جہاں تیز رفتار کار نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیاجو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق عاصم ولد محمد عارف رحمانی کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری اور نور محمد ولد شیر محمد کا تعلق بیلہ سے ہے۔ جبکہ ڈرائیور کار سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ادھر کوئٹہ میں بھی سریاب روڈسرکاری کالج کی بس نے تیرہ سالہ بچے کو کچل دیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔متوفی کی لاش سول اسپتال لائی گئی جہاں اس کی شناخت ناصر ولد فرید احمد لانگو سکنہ موسیٰ کالونی کے نام سے ہوئی جو موٹر گیراج میں کام کرتا تھا۔ پولیس نے ڈرائیور رحیم بخش کو گرفتار کرکے بس کو تحویل میں لے لیا۔ ملزم رحیم بخش کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔