کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے مسجد روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک دکاندار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مسجد روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے لودھی اینڈ سنزپلاسٹک اینڈ ڈسپوزل کراکری کے نام سے دکان پر فائرنگ کی جہاں یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم اوربیجز وغیرہ فروخت کئے جارہے تھے۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 45سالہ دکاندار منیر سرور ولد سرور لودھی سکنہ مسجد روڈ،40سالہ صلاح الدین ولد الہ دین راجپوت سکنہ سیٹلائٹ ٹاؤن اور ایک راہ گیر 35محمد رفیق ولد محمد عثمان قطب زئی شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں زخمی دکاندار منیر سرور لودھی دم توڑ گئے۔ انہیں سینے اور جسم کے مختلف حصوں میں چار گولیاں ماری گئی تھیں۔ جبکہ زخمی صلاح الدین کی کمر میں ایک گولی لگی ہے جبکہ محمد رفیق چھاتی میں دائیں جانب ایک گولی لگی ہے۔ صلاح الدین کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مقتول اور اس کا دوست صلاح الدین دکان بند کرکے جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔ زخمی ہونے کے بعد منیر سرور لودھی مسلسل کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے واقعہ کے بعد شہر میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے۔