|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں آرمی چیف کی ہدایت پر کومبنگ آپریشن شروع کردیا گیا۔ آپریشن میں پہلے روز اکیس مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر ہونے والاکامبنگ آپریشن کوئٹہ اور اس کے اطراف میں کیا جارہا ہے۔ اس آپریشن میں ایف سی ، پولیس اور کاؤنٹر ٹیرر ازم فورس کے سات سو پچاس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ کامبنگ آپریشن کا مقصد دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور سلپر سیلز کا خاتمہ ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کلی کمالو، کیچگی ،کلی نیچاری اور دیگر علاقوں میں آپریشن کے دوران اکیس افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ گرفتار افراد سے دو کلاشنکوف، پانچ پستول، تین رائفلیں بھی برآمد کی گئیں۔سانحہ کوئٹہ کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے اور کوئٹہ میں خاص طور پر دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔۔اور انہیں پوری طاقت کے ساتھ جڑ سے اکھاڑنے کا حکم دیاتھا،دریں اثناء نوشکی میں کومبنگ آپریشن شروع،مکان پر چھاپہ ،راکٹ لانچر ،گولیاں،راکٹ لانچر کے گولے اور لیویز فورس کے وردیاں برآمد ،دوملزمان گرفتار،اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز کے زرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ شب ایف سی،پولیس اور لیویز نے مشترکہ طور کلی مینگل میں ایک مکان پر خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مارکر دوملزمان نذیر احمد ولد غیبی خان اور علاؤالدین ولد غیبی خان کوحراست میں لیکر مکان سے راکٹ لانچر،راکٹ لانچر کے گولے ،گولیاں،بارودی مواد اور لیویز فورس کے وردیاں برآ مد کرلئے ہیں ،ملزمان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے مزید انکشافات کی توقع ہے ،سیکورٹی زرائع کے مطابق ضلع نوشکی میں سرچ آپریشن میں مزید تیزی لاکر سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کی جائیگی۔