کوئٹہ: سابق وفاقی وزیر داخلہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمن ملک نے کہاہے کہ بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ سے بلوچستان میں لاشیں گر رہی ہیں۔ افغانستان اور بھارت کے مداخلت پر کسی کو شک و شبہ ہے تو ثبوت دینے کیلئے تیار ہوں۔کوئٹہ میں سانحہ سول اسپتال کے زخمیوں کی عیادت اور ہائی کورٹ میں وکلاء سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ملک کی خفیہ ایجنسیوں اور سیکورٹی اداروں پر تنقید درست نہیں ۔نیشنل ایکشن پلان کے جن نکات پر عملدرآمد میں بہتری کی ضرورت ہے اس پر فوری کام کیا جانا چاہیے۔ نفرت انگیز تقاریر کے خلاف فوری قانون سازی کی جانی چاہیے۔ اس مائنڈ سیٹ کو ختم کرنا ہوگا جو کوئٹہ جیسے سانحات کا سبب بن رہے ہیں ۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہسانحہ کوئٹہ دراصل پاکستان پر حملہ ہے ۔دہشت گرد پولیس، ایف سی اور سیکورٹی اداروں کے بعد اب منظم اداروں سے وابستہ افراد کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ بھارت کبھی بھی ہمارا دوست نہیں ہوسکتا جن کو شک ہے وہ تاریخ پڑ ھ لیں ۔نریندر مودی تسلیم کرچکے ہیں کہ بھارت پاکستان توڑنے میں ملوث تھا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بھارت اورافغانستان پاکستان کا عدم استحکام چاہتے ہیں ۔ان کے گٹھ جوڑ سے یہاں لاشیں گررہی ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ قوم کو متحد ہوکر غیر ملکی سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور محب وطن ہونے کی سزا دی جا رہی ہے ۔پیپلز پارٹی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ سمیت افسوسناک واقعات میں ملوث دہشت گردوں کا تعاقب کرنا کوئی مشکل کام نہیں حکومت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔