کوئٹہ: نیب نے نا جائز اثاثے بنانے پر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے پرنسپل اسٹاف آفیسر عمران گچکی کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائرکردیا۔نیب ترجمان کے مطابق عمران گچگی پر الزام ہے کہ انہوں نے آمدن سے اٹھارہ کروڑ روپے پچاس لاکھ سے زائد مالیت کے ناجائز اثاثے بنارکھے ہیں ۔ دو ہزار پندرہ میں نیب نے ملزم کے بحریہ ٹاؤن اسلام آباد میں واقع بنگلے سے چھاپے کے دوران کروڑ روپے مالیت کا سانا، ملکی اور غیر ملکی کرنسی اور کروڑوں روپے کی جائیداد کے کاغذات برآمد کئے تھے۔ ملزم عمران گچکی نے کیس کے شروع میں بلوچستان ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی ۔تاہم عدالت عالیہ سے ضمانت کی منسوخی کے بعد ملزم تا حال مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سابق پرنسپل اسٹاف آفیسر کے خلاف تحقیقات مکمل کرتے ہوئے احتساب عدالت میں ریفرنس جمع کروا دیا۔ دریں اثناء عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔