کراچی: کراچی کے علاقے لیاری میں بچوں کے اغواء ہونے کی افواہیں‘والدین ذہنی کوفت میں مبتلا ہوگئے۔ گزشتہ چند دنوں سے لیاری کے مختلف علاقوں میں بچوں کے اغواء کی افواہوں نے والدین کو شدید پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ بدھ کے روز سنگولائن کے علاقے میں موجود ایک اسکول کے باہر دو بچوں کے اغواء کی باز گشت چلی مگر اس کی رپورٹ متعلقہ تھانوں میں درج نہیں ہوئی اسی طرح جمعرات کے روز لیاری کے علاقے ریکسرلائن میں افواہ سامنے آئی کہ نامعلوم افراد نے ایک بچے کو بے ہوش کرکے بوری میں ڈال کر اپنے ساتھ لے جارہا تھا جس کا تعاقب پولیس نے کیا اور اغواء کار کو گرفتار کرکے بوری سے بے ہوشی کی حالت میں کم سن بچے کو بازیاب کیا مگر یہ دونوں واقعات کی اب تک تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ بچوں کا تعلق کہاں سے ہیں اور نہ اس حوالے سے متعلقہ تھانوں میں رپورٹ درج ہوئی ہے۔ لیاری میں ان افواہوں کے بعد بعض والدین نے بچوں کو اسکول بھیجنے کے ساتھ ساتھ باہر گھومنے پھرنے سے روک دیا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بچوں کی اغواء کاری کو رد نہیں کیاجاسکتا سیکیورٹی حکام اغواء کاروں کے گروہوں کا سراغ لگائیں تاکہ حقیقت آشکار ہوسکے اور اسکول انتظامیہ بھی اسکولوں کی سیکیورٹی کیلئے ٹھوس اقدام اٹھائیں تاکہ والدین میں موجودبے چینی دور ہوسکے۔