|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2016

کوئٹہ+اندرون بلوچستان : بلوچستان کی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں یوم عاشور(10واں )محرم الحرام انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا ۔ شبیہ ذوالجناح ،تعزیئے اور علم کے جلوس برآمد ہوئے ۔مجالس عزاء برپا ہوئیں جبکہ جلوسوں کے اختتام پر شام غریباں کی مجالس منعقد کی گئیں ۔اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ،پولیس آفیسران اورضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی جلوسوں کی مکمل نگرانی کررہے تھے ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اوراندرون صوبہ یوم عاشورہ مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایاگیا کوئٹہ میں یوم عاشورہ کاشبیہ ذوالجناح ،تعزیوں اور علموں کا 27دستوں پر مشتمل ماتمی جلوس شیعہ کانفرنس کے سید داؤد آغا کی قیادت میں امام بارگاہ مومن آباد علمدارروڈسے برآمدہواجو اپنے روایتی راستوں سے ہوتاہوا امام بارگاہ مومن آباد پر اختتام پذیر ہوا صوبائی حکومت وضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے روٹس میں آنیوالی دکانوں ،مارکیٹوں ،پلازوں اوردیگر کو خال کرواکر سیل کروادیاتھا جبکہ داخلی پوائنٹس پر بھی اہلکاروں کوتعینات کردیاگیا جبکہ جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے پولیس ،فرنٹیئرکور ،ڈپٹی کمشنر کے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے تھے جہاں سے ضلعی اعلیٰ حکام سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مکمل نگرانی کررہی تھی ،10ویں محرم الحرام کے موقع پر ایف سی ،پولیس ،اے ٹی ایف اورآرآرجی سمیت دیگر کے اداروں کے 10ہزار اہلکار تعینات کردئیے گئے تھے جبکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک آرمی کے تین بٹالئن کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کردئیے تھے ،قبل ازیں مجالس عزاء برپا کی گئیں جن میں ذاکرین نے واقعہ کربلا اور فلسفہ شہادت حضرت امام حسینؓ پر روشنی ڈالی ۔جلوسوں میں عزاداروں نے زنجیر زنی ،سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کی ۔اس موقع پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جلوسوں کی گزر گاہوں کی جانب نہیں چھوڑا گیا ۔عاشورہ محرم کے جلوسوں کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی گئی جبکہ اس دوران پولیس کی کی بھاری نفری سیکورٹی انتظامات پر تعینات رہی ۔عمارتوں کی چھتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکار تعینات کئے گئے تھے جبکہ گھروں کے آگے کسی کو کھڑے ہونے کی بھی اجازت نہیں دی گئی تاہم جلوس گزرنے کے بعد لوگوں کو آمد و رفت کی اجاز ت مل گئی ۔جلوس کے راستوں میں دودھ ،پانی ،چائے اور شربت کی سبیلیں اور لنگر کی فراہمی کیلئے بھی انتظامات کئے گئے ۔یوم عاشورکے جلوس میں عزاداروں کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی ۔جلوسوں کے اختتام پر امام بارگاہوں میں شام غریباں کی مجالس کا انعقاد کیاگیا ۔