کوئٹہ+سبی+سوراب : آواران میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق، سبی میں چار افراد اغواء ، سرکاری ٹیوب ویل کو اڑا دیا گیا، جبکہ سوراب زیر تعمیر سڑک پر کام کرنے والی کمپنی کے ملازمین پر فائرنگ ،پولیس کے مطابق آواران بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خیربخش کو قتل کر دیا لاش کو ورثاء کے حوالے کردیاگیا مزید کارروائی کی جارہی ہے ،سیکورٹی ذرائع کے مطابق سبی سے تقریباً پینتیس کلو میٹر دور تلی تنگی میں نامعلوم مسلح افراد نے چار مزدوروں کو اس وقت اغواء کرلیا جب وہ ٹریکٹر پر پہاڑوں کی طرف جارہے تھے۔ مغویوں میں شاہ گل ، روزی خان، کالا خان اور شربت خان شامل ہیں۔ چاروں افراد کا تعلق خانہ بدوشوں سے بتایا جاتا ہے جو پہاڑوں پر پتھر اور لکڑیاں لینے کیلئے جارہے تھے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق اغواء کے واقعہ میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے کارندوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، سوراب کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے ملازمین پر فائرنگ کردی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سوراب کے علاقے تنک میں نامعلوم مسلح افراد نے روڈ تعمیر کرنے والے فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جوابی کارروائی کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،سبی کے علاقہ تلی میں نامعلوم افراد نے سرکاری ٹیوب ویل کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا،علاقے کو پانی کی سپلائی معطل،تفصیلات کے مطابق سبی کیعلاقہ یونین کونسل تلی میں نامعلوم مسلح افراد نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ٹیوب ویل کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ،دھماکے کی شدت اتنی تیز تھی کہ آوازدوردور تک سنائی دی گئی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے ،دھماکے سے ٹیوب مکمل طور پر تباہ ہو گیا جس کے باعث یونین کونسل تلی کے بیشتر دیہاتوں کو پانی کی سپلائی معطل ہو گئی تاہم لیویز فورس نے تلی لیویز تھانہ میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔