|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2016

کوئٹہ: ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور سمیت دو افراد مارے گئے۔ ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔ کارروائی کے دوران دس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے مند میں سورو کے مقام پر ایف سی سرچ آپریشن کرنے جارہی تھی اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس پر ایف سی نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک بائیس سالہ حملہ آور مارا گیا جس سے کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی۔ لاش بلیدہ اسپتال پہنچائی گئی جہاں لاش کی شناخت محمد وارث ولد رسول بخش بلوچ سکنہ مند کے نام سے شناخت ہوگئی۔ ایک اور واقعہ تمپ کے علاقے بالیچہ میں پیش آیا جہاں ایف سی اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکر ایک راہ گیر سلمان ولد فتح جاں بحق ہوگیا۔ تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق مند میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔ کارروائی کے دوران دس مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے چار عدد راکٹ گولے ، ایک عدد 81ایم ایم گولہ، دو بندوقیں، دو کلاشنکوف اور تین عددد شارٹ گنزکے علاوہ ریاست مخالف لٹریچر اور تخریبی مواد برآمد کیا گیا،علاوہ ازیں ضلع کیچ کے علاقے مند سے چار افراد کی لاشیں ملنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ یعقوب مری کے مطابق کیچ کے علاقے مند میں پہاڑی علاقے نلی سے چارافراد کی لاشیں ملنے کی اطلاع پر لیویز فورس روانہ کردی گئی ہے ۔ دور دراز اور پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث رات گئے تک لیویز ٹیم واپس نہیں پہنچی اس لئے اب تک واقعہ کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر مقتولین کی تصاویر گردش کررہی ہیں جن میں چار افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں پہاڑی کے دامن میں پڑی نظر آرہی ہیں۔ مقتولین کے سروں اور جسم کے مختلف حصوں پر گولیوں اور خون کے نشانات موجود ہیں ۔ ان کی عمریں تیس سے چالیس سال کے درمیان معلوم ہوتی ہیں اور انہوں نے کالے ، سفید رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء کوئٹہ ،گوادراور جعفرآباد میں فائرنگ کے واقعات میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مسجد روڈ پر واقع کٹ پیس گلی میں جائیداد کے تنازع پر ایک دکان میں بیٹھے رشتہ داروں میں جھگڑا ہوا جس کے دوران ملزم امان اللہ کی فائرنگ سے اس کا چچا زاد بھائی عطاء اللہ جاں بحق جبکہ بھائی محمد تمیم اور رشتہ دار محمد نبی زخمی ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔ا یک اور واقعہ گوادر کے علاقے پسنی میں کلانچ کے مقام پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے لعل بخش کو قتل کردیا۔ واقعہ کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جاتی ہے۔تیسرا واقعہ جعفرآباد کے علاقے اوستہ محمد میں پیش آیا جہاں حاکم علی جمالی کو نامعلوم افراد نے پرانی شمنی کی بناء پر گولیاں مار کر قتل کردیا ۔