خاران : بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ وسابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اخترجان مینگل نے ضلعی صدر بی این پی خاران حاجی غلام حسین بلوچ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی کے مخالف نہیں ہیں، مگر ایسی ترقی قبول نہیں ہے جس سے بلوچ قوم کی استحصال ہو اور سرزمین کے اصل وارثوں کو ظلم ونا انصافی کا سامناہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بنانے والے گوادر کے عوام کو پینے کی صاف پانی فراہم نہیں کرسکتے، بلوچستان پسماندگی کی منہ بولتی تصویر ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی اجتماعی حقوق کے حصول کی جدوجہد اور واضح پالیسی نے بلوچستان کے عوام کے دلوں میں جگہ بنالی ہے اور پارٹی کارکنوں کی محنت اور جدوجہد سے بی این پی بلوچستان کے کونے کونے میں مزید فعال اور منظم ہوتی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ خاران کے عوام نے ہمیشہ سے بلوچستان نیشنل پارٹی کا ساتھ دیا ہے اور خاران لہجے سے معتبر شخصیات کی بلوچستان نیشنل پارٹی اور طلباء کی بی ایس او میں شمولیت پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ قومی تحریک میں لہجے کے باسیوں نے مشکلات ومصائب جھیلیں ہیں،جو قابل تحسین ہے، سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ دسمبر میں خاران کادورہ کرونگا، کارکن پارٹی پروگرام کو مزید گھرگھر پہنچائیں اور مزید یونٹ سازی کر کے پارٹی یونٹس کو مزید منظم اور فعال کریں، انہوں نے کہا کہ کارکن بلوچستان نیشنل پارٹی کا اصل سرمایہ ہے، ان کی قربانیاں اور محنت ضائع نہیں ہونگیں